حکمت کے خزانے
(سماجی زندگی سے متعلق احادیثِ نبوی کی دل نشین تشریح)
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
مسجد اشاعتِ اسلام ، مرکز جماعت اسلامی ہند ، نئی دہلی میں روزانہ بعد نمازِ عصر مختصر تذکیر ہوتی ہے ۔ مختلف افراد کو اس کی ذمے داری دی گئی ہے ۔ کچھ عرصہ قبل مجھے بھی ہفتہ میں ایک دن تذکیر کا پابند کیا گیا ۔ میں نے منصوبہ بنایا کہ صرفِ حدیثِ نبوی کی روشنی میں تذکیر کروں ۔ بعد میں جب میں سوشل میڈیا سے وابستہ ہوا تو ارادہ کیا کہ تذکیر سے قبل یا اس کے بعد ، اپنی گفتگو کو تحریری شکل دوں ، تاکہ اس کی افادیت کا دائرہ وسیع ہو اور میرے احباب تک ، جو بڑی تعداد میں ملک و بیرونِ ملک میں پھیلے ہوئے ہیں ، یہ تحریریں پہنچ سکیں ۔ اگرچہ اس کی پابندی نہیں ہوسکی اور اپنی بہت سی تذکیروں کو میں ضبطِ تحریر میں نہیں لاسکا ، لیکن اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میری جو تحریریں عام ہوئیں انھیں قارئین نے بہت پسند کیا اور بعض احباب نے انھیں کتابی صورت میں جمع کرنے کا مشورہ دیا ۔
مسجد اشاعتِ اسلام میں ماہ رمضان المبارک میں بعد نمازِ فجر مختصر تذکیر کا اہتمام ہوتا ہے ۔ ایک ایک ہفتہ کے لیے چار افراد کو تذکیر کی ذمے داری دی جاتی ہے ۔ لیکن گزشتہ سے پیوستہ رمضان(1440ھ/2019) میں مجھے پابند کیا گیا کہ میں ہی پورے مہینے تذکیر کروں ۔ میں نے اپنے طور پر اس ذمے داری کو نبھانے کی پوری کوشش کی ۔ میں نے پروگرام بنایا کہ تذکیر کو لکھ بھی لیا کروں ۔ اس طرح روزانہ کی تذکیر فیس بک پیج اور واٹس ایپ کے ذریعے پوری دنیا میں عام ہوجاتی تھی ۔
تذکیر بالحدیث کے اس سلسلے کو بہت پسند کیا گیا ۔ مسجد اشاعتِ اسلام کے نمازی مقامی حضراتِ سامعین نے کلماتِ تحسین سے نوازا اور سوشل میڈیا پر پڑھنے والوں نے بھی اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا ۔ دورانِ رمضان ہی متعدد احباب نے اس خواہش کا بہ اصرار اظہار کیا کہ میں اپنی ان تحریروں کو کتابی صورت میں شائع کردوں ۔ یہ کتاب مجھ سے والہانہ محبت کا اظہار کرنے والے انہی احباب کی پیہم خواہشات کا نتیجہ ہے ۔
رمضان المبارک کی تذکیروں کے ساتھ جب میں نے اپنی گزشتہ ہفتہ وار تذکیروں کو اپنی فیس بک ٹائم لائن سے جمع کرنا شروع کیا تو یہ دیکھ کر خوش گوار حیرت ہوئی کہ مجھے اچھی خاصی احادیث کی تشریح کرنے کا موقع ملا ہے ۔ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے اس خدمت کی توفیق عطا فرمائی اور اس نے لکھنے کی جس ٹوٹی پھوٹی صلاحیت سے نوازا ہے اسے خلقِ خدا کو فیض پہنچانے کا ذریعہ بنایا۔
اس کتاب میں شامل موضوعات زندگی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہیں۔ ان میں عقائد و تصوّرات ، عبادات ، معاملات ، معاشرت اور اخلاقیات وغیرہ سے متعلق احادیث پیش کی گئی ہیں ، البتہ معاشرتی احکام ، معاملات ، اجتماعی اخلاقیات اور آدابِ زندگی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ۔ راقم کا خیال یہ ہے کہ قرآن و حدیث میں حقوق العباد کی ادائیگی اور انسانوں کے باہمی معاملات کی درستی پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے ، حتّٰی کہ بسا اوقات محسوس ہوتا ہے کہ ان کا درجہ حقوق اللہ اور عبادات سے بھی بڑھا دیا گیا ہے ، جب کہ ہم مسلمانوں کا معاملہ اس کے برعکس ہے ۔ کوئی شخص عبادات میں آگے ہے ، لیکن انسانوں سے اس کے تعلقات بہتر نہیں ہیں ، ہم اسے اس شخص سے بہتر سمجھتے ہیں جو عبادات کے معاملے میں کچھ کوتاہ ہو ، لیکن دوسرے انسانوں سے اس کے تعلقات مثالی ہوں ۔
ایک موضوع کے تحت کوئی حدیثِ نبوی پیش کرنے کے ساتھ تشریح کے طور پر دوسری احادیث بھی درج کی گئی ہیں ۔ کوشش کی گئی ہے کہ پیش کردہ تمام احادیث سند کے اعتبار سے صحیح اور مستند ہوں ۔ ان کا حوالہ بھی دینے کا اہتمام کیا گیا ہے ، لیکن تفصیلی حوالہ دینے کے بجائے صرف حدیث نمبر درج کیا گیا ہے ۔ اس سے ، امید ہے ، وقتِ ضرورت تحقیق و مراجعہ میں سہولت ہوگی ۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس خدمت کو قبول فرمائے ، اس کے اجر سے نوازے اور اس کا فائدہ عام کرے ۔ إنّہ قریب سمیع مجیب۔
Hikmat Ke Khazane
by My Store
₹ 250.00Current price is: ₹ 250.00. Original price was: ₹ 300.00.
This Product is refundable for only 2 days
This Product is exchangeable for only 2 days
Add to cart
Buy Now
| Weight | 0.250 kg |
|---|---|
| Dimensions | 22 × 14.5 cm |
| Language | Urdu |
| Author | Muhammad Raziul Islam Nadvi |
| Publisher | Hidayat Publishers |
| Number of Pages | 240 |
| Binding | Paperback |
You must be logged in to post a review.









Reviews
There are no reviews yet.